ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / عنقریب بنیادی سہولیات کے منصوبوں پر عمل: دیش پانڈے

عنقریب بنیادی سہولیات کے منصوبوں پر عمل: دیش پانڈے

Sun, 24 Jul 2016 11:54:41  SO Admin   S.O. News Service

بنگلورو23؍ جولائی(ایس او نیوز)ریاستی وزیر برائے صنعت وبنیادی سہولیات آر وی دیش پانڈے نے بتایاکہ عنقریب بنیادی سہولیات کے منصوبوں پر عمل کیا جائے گا۔ اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ کیمپے گوڈا انٹرنیشنل ایرپورٹ ، دیونہلی بزنس پارک ، انٹرنیشنل کنونشن سنٹر ،گیاس پائپ لائن ، اتر کنڑا ضلع میں منی ایرپورٹ سمیت بنیادی سہولیات کے منصوبوں کو جاری کیا گیا ہے۔ کیمپے گوڈا انٹرنیشنل ایرپورٹ 18.97 ملین مسافروں کے اڑانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ دیڑھ برس میں ٹرمینل کا کام شروع ہوگا اور 2020تک اس کی تکمیل عمل میں آئے گی۔ اسی طرح دیونہلی بزنس پارک کا تعمیری کام جاری ہے، جس کیلئے 408ایکڑ زمین تحویل میں لی گئی تھی، جس میں سے 35ایکڑ پر کمیونیٹی سنٹر اور بقیہ زمین پر انٹرنیشنل بزنس پارک تعمیر ہوگا، جس کیلئے ماسٹر پلان تیار کرلیا گیا ہے۔ اسی طرح بنگلور انٹرنیشنل کنونشن سنٹر کا کام بھی جاری ہے۔ 1050 کروڑ روپیوں کے تخمینہ سے 600نشستوں پر مشتمل کنونشن سنٹر، ایگزی بیشن سنٹر اور فوڈ پارک کے علاوہ پانچ ستارہ ہوٹل تعمیر کئے جائیں گے، جس کیلئے درکار زمین فراہم کرنے کیلئے حکومت تیار ہے، اور ٹنڈر کے ذریعہ سرمایہ کاروں کو مدعو کیا جائے گا۔ مسٹر دیش پانڈے نے بتایا کہ اتر کنڑا ضلع میں نجی شراکت سے 34.25 ایم ٹی پی اے صلاحیت والے بندرگاہ کی ترقی کیلئے 3800 کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔ عوام کو فضائی سفر میں سہولیات فراہم کرنے کے مقصد سے چکمگلور ، کاروار ، مرکیرہ ، اڈپی ، رائچور، گدگ ، باگلکوٹ اور داونگیرے میں منی ایرپورٹ کی تعمیر کا کام چل رہا ہے، جس کیلئے غیر جنگلاتی زمین کی نشاندہی کی جارہی ہے۔ اس سوال پر کہ منصوبوں کے نفاذ میں تاخیر سے رئیل ایسٹیٹ کاروباریوں کو فائدہ ہورہاہے۔ اس پر وزیر موصوف نے بتایاکہ منصوبوں کو جاری کرنے میں کئی تکنیکی رکاوٹیں حائل رہتی ہیں جنہیں دور کرنا ضروری ہوتاہے۔ جہاں پر مسائل نہیں ہیں وہاں فوری طور پر منصوبے جاری ہورہے ہیں۔ جس سے سیاحت کو فروغ بھی حاصل ہورہا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ریاست میں دس ریلوے منصوبے جاری ہیں ، جن میں رام نگرم میسور جڑواں ٹراک ، بنگلور ہاسن ، بیدر کلبرگی، کنیگیرہ رائچور ، ٹمکور رائے درگہ، باگلکوٹ کڈچی ، چکمگلور سکلیشپور، گدگ واڈی، ،ہجالا، چامراج نگر اور ٹمکور داونگیرے کے درمیان نئی ریلوے لائن کیلئے 2180.04کروڑ روپے جاری کئے گئے ہیں اور امید ہے کہ 2016-17 تک یہاں پر ریل سرویس شروع ہوجائے گی۔


Share: